سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دے دی گئی جب کہ مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز بھی جاری کیے جائیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے سرکاری میڈیا کے ذریعے ایک شاہی فرمان جاری کیا جس میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین کو اسلامی قوانین کے مطابق ڈرائیونگ کرنے کی اجازت ہوگی جب کہ ٹریفک قوانین میں تبدیلیاں کر کے مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز جاری کیے جائیں گے۔
سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دستخط شدہ شاہی فرمان میں ٹریفک قوانین میں ترمیم کی ہدایت دی گئی ہے جب کہ یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا لیکن اطلاق میں ایک ماہ لگ جائے گا اور اس حکم کو نافذ کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزیروں کی اعلیٰ سطح کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو 30 دن کے اندر اندر مختلف سفارشات بھی لے گی اور اس پر عمل کروائے گی۔
دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی سعودی حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں اسٹیٹ ڈیپارٹمںٹ نے کہا کہ یہ صحیح سمت کی جانب صحیح قدم ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 1990 سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد ہے تاہم یہ پابندی سرکاری طور پر عائد نہیں اور نہ یہ قانون کا حصہ تھی مگر خواتین کو ڈرائیونگ لائسنسن جاری نہیں کیا جاتا تھا اور خواتین کی جانب سے گاڑی چلانے کی اجازت کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جارہی تھی۔