|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2017

بیجنگ: انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن یعنی انٹرپول نے فلسطین کو علیحدہ ریاست تسلیم کرتے ہوئے رکنیت دینے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق انٹرپول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے انٹرپول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطین اور جزائر سلیمان کی رکنیت کی درخواست کو دوتہائی اکثریت سے منظور کرلیا گیا اور اب تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 192 ہوگئی ہے۔

اسرائیل جو کہ خود بھی انٹرپول کا رکن ہے فلسطین کی شمولیت کے سخت خلاف تھا اور اس نے ہر ممکن کوشش کی کہ اس سال بھی فلسطین کی رکنیت کی درخواست پر ووٹنگ نہ ہو جب کہ گزشتہ برس انڈونیشیا میں بھی فلسطین کی درخواست پر ووٹنگ کو موخر کردیا گیا تھا۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ فلسطین ایک علیحدہ ریاست نہیں ہے اس لیے اسے انٹرپول سمیت کسی بھی بین الاقوامی ادارے کا رکن بننے کا حق حاصل نہیں۔ اسرائیلی وزیرخارجہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے چین میں ہونے والی ووٹنگ رکوانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انٹرپول کی رکنیت حاصل کرکے فلسطین نے باہمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات میں اس معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔

ادھر فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض الملکی نے کہا کہ انٹرپول کے رکن ممالک کی اکثریت نے فلسطین کے حق میں ووٹ دیے اور وہ ان کے مشکور ہیں۔

یاد رہے کہ 2012 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھی فلسطین کو ’’غیر رکن مبصر ریاست‘‘ کا درجہ دے دیا تھا جس کے بعد فلسطین کے دیگر عالمی اداروں کا رکن بننے کی راہیں ہموار ہوگئی تھیں۔