کوئٹہ : میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایک پریس ریلیز کے مطابق عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں کسی بھی قسم کی تعمیرات کے لئے نقشہ جات کی منظوری بلڈنگ کوڈ ایکٹ 1937ء کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ سے پیشگی لینا ضروری ہے۔
مشاہدے میں آیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں عمارات کی تعمیر نقشہ جات کی منظوری کے بغیر جاری ہیں جو غیر قانونی اور قابل تعزیر ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں چند جعل سازوں کے سرگرم ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
یہ جعل ساز موقع پر جاکر اپنے آپ کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے عمارات کا معائنہ کرتے ہیں اور نقشہ کی منظور کے نام پر بھاری رقوم کی وصولی کے مرتکب ہورہے ہیں۔
چنانچہ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ایسی کسی بھی صورت میں معائنہ کنندہ کی شناخت کے بغیر کسی بھی قسم کی اجازت نہ دیں۔ کوئٹہ شہر میں کی جانے والی تمام غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے چنانچہ عوام الناس نقشہ کی منظوری کے بغیر تعمیرات سے اجتناب کریں کیونکہ یہ عمل سخت قانونی کاروائی اور مالی نقصان کا موجب ہوسکتا ہے۔
عوالناس سے گزارش کی گئی ہے کہ ایسی صورت میں ٹیلی فون نمبرز 081.9201995 اور 081-9202055پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔