|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2017

کوئٹہ+مستونگ : کوئٹہ کے قریب مستونگ کی تحصیل دشت میں مزدا بس اور مسافر ویگن میں خوفناک تصادم ہوا۔ حادثے میں تین سیکورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اوور ٹیکنگ کے باعث پیش آیا۔

جاں بحق ہونیوالوں میں بیشتر کا تعلق سبی سے بتایا جاتا ہے جو ویگن میں سبی سے کوئٹہ آرہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ صلاح الدین نورزئی کے مطابق حادثہ ہفتہ کی صبح تقریبا دس بجے کوئٹہ سے تقریبا تیس کلومیٹر دور مستونگ کی تحصیل دشت کے علاقے تیرا مل میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر پیش آیا۔

کوئٹہ سے بولان جانے والی مزدا بس اوور ٹیکنگ کرتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سامنے سے آنیوالی مسافر ویگن سے ٹکراگئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ مسافر ویگن تباہ ہوگئی جبکہ مسافر بس کے اگلے حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ویگن میں سوار ڈرائیور سمیت بیشتر افراد لقمہ اجل بن گئے یا شدید زخمی ہوئے۔ بس میں سوار افراد کو بھی شدید زخم آئے اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار ، کوئٹہ سے ایدھی اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔

بری طرح نقصان پہنچنے کے بعد ویگن میں سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا۔

سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فرید سمالانی کے مطابق ہسپتال میں تیرہ افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا جبکہ تیس سے زائد زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دس زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبہ بیس زخمی ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو وارڈ میں داخل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع لتے ہی ہسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹروں کو طلب کیاگیا۔

ٹراما سینٹر میں سینئر سرجنز، ڈاکٹرز سمیت نیم طبی عملے نے زخمیون کو علاج کی سہولیات فراہم کیں۔

ہسپتال میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت پاک فوج ای ایم ای یونٹ کے اہلکار عید محمد ولد دین محمد ، سبی لیویز کے دو اہلکار سعید خان خان ولد شیر دل بنگلزئی ، شبیر احمد ولد محمد سکندر سومرو ، یوٹیلٹی سٹور سبی کے اکاؤنٹنٹ آفتاب ولد روشن علی سولنگی، محمد فاروق ولد محمد یعقوب کھوسہ سکنہ سات مرلہ سبی، شاہنواز ولد عید محمد بھٹو سکنہ سبی، امان اللہ ولد محمد یعقوب ہاڑا سکنہ لہڑی ، جنگیز خان ولد دوست محمد گولہ سکنہ ٹلی سبی، جہانگیر خان ولد قربان گولہ سکنہ ٹلی سبی، ذوالفقار ولد محمد اسلم کھوکھر سکنہ غریب آباد سبی، ویگن ڈرائیور محمد حیات ولد محمد سانول بلوچ سکنہ چونگی سبی، عتیق الرحمان ولد میر عبدالرحمان گشکوری سکنہ غریب آباد سبی، اللہ ڈنہ ولد محمد اسحاق گولہ سکنہ ٹلی سبی اور نصیر احمد ولد نور محمد گولہ سکنہ ریلوے کالونی سبی کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمیوں میں جاوید ولد ولی قوم گولہ سکنہ سبی ،سمرولد ولی قوم گولہ سکنہ سبی، رسول بخش ولد صحبت خان ،امام بخش ولد نور الدین، خاوند بخش ولد حضور بخش ،جہانگیر دوسل ،کشمیر ولد پیر بخش ، سبحان ولد کامل، ذکریا ولد امیر جان ، جمعہ خان ولد غوث بخش، ہدایت اللہ ولد حاجی احمد، عبداللہ ولد عبدالقادر، حبیب اللہ ولد فقیر محمد،

عنایت آغا ولد سلطان علی ، عبدالحکیم ولد شہزاد کاکڑ سکنہ چشمہ اچکزئی، اللہ داد شاہ ولد عارف شاہ سید سکنہ آئی ٹی یونیورسٹی، عمران خان ولد رزاق کاکڑ سکنہ اغبرگ کوئٹہ،منظور ولد نواب خان کاکڑ سکنہ آئی ٹی یونیورسٹی، محمد انور ولد محمد غوث قوم سکنہ کلی قمبرانی ،جاوید ولد عبدالطیف زہری سکنہ قمبرانی روڈ کوئٹہ،سالار خان ولد غفار مری سکنہ وحدت کالونی کوئٹہ،منظور احمد ولد عبدالباری اچکزئی سکنہ خوشحال روڈ کوئٹہ، اختر محمد ولد عبدالوحد بارکزئی سکنہ آئی ٹی یونیورسٹی،

عبدالواسع ولد عبدالقیوم کاکڑ سکنہ اغبرگ کوئٹہ،یاسر ولد امانی ملک اخوندزادہ سکنہ سریاب،فضل امان ولد غلام محمد کاکڑ سکنہ بلیلی ،عرفان ولد محمد اکرم سکنہ کلی شابو، علاؤ الدین ولد عبدالحکیم کاکڑ سکنہ اغبرگ، فرحان ولد محمد اکرم کلی شابو اورمحمد سلیم ولد جانداد قوم مروت سکنہ آئی ٹی یونیورسٹی شامل ہیں۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں آبائی علاقے سبی روانہ کردی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ صلاح الدین نورزئی کے مطابق بس میں سوار افراد بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کے ملازمین تھے جو پکنک کیلئے کوئٹہ سے بولان جارہے تھے۔

حادثے کے بعد کوئٹہ سبی شاہراہ جزوی طور پر ٹریفک کیلئے معطل رہی۔بعد میں لیویز اہلکاروں نے کرین کی مدد سے متاثرہ بس اور ویگن کو ہٹاکر شاہراہ مکمل طور پر بحال کردی۔