|

وقتِ اشاعت :   October 10 – 2017

 کراچی: شہر قائد میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے لیکن سمندری ہواؤں کی بندش اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس 45 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے ۔

شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، آج شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری ہے لیکن اس کی شدت 45 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

دوسری جانب بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلے علاقوں میں شدید گرمی کی یہ لہر مزید 3 دن جاری رہے گی، جمعے کے بعد موسم بتدریج بہتر ہوگا تاہم اس دوران شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔