ابو ظہبی: پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 32 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 187 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے نروشن ڈکویلا اور کپتان اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن جنید خان نے تیسرے ہی اوور میں ڈکویلا کو 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد کوشل مینڈس بھی صرف 10 رنز ہی بناسکے وہ حسن علی کا شکار بنے۔ اس کے بعد تھریمانے 12، چندیمل 2، سری وردنا 3، تھیسارا پریرا 7 اور دنانجیا صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان تھرنگا وکٹ پر ڈٹے رہے اور آٹھویں وکٹ کیلیے جیفری ویندرسے کے ہمراہ 76 رنز کی شراکت داری قائم کی مگر ویندرسے رومان رئیس کو شارٹ مارتے ہوئے باؤنڈری لائن پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد لکمل بیٹنگ کے لیے آئے مگر صرف ایک رنز بناکر ہی رن آؤٹ ہوگئے تاہم کپتان تھرنگا نے اس دوران اپنی سنچری مکمل کی وہ 112 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 3 جب کہ رومان رئیس، جنید خان، حسن علی، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا تاہم اوپنگ کے لیے آنے والے فخرزمان کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور 17 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد احمد شہزاد بھی صرف 8 رنز بناکر چلتے بنے، محمد حفیظ بھی خاطر خوا کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد بھی وکٹ پر زیادہ دیر کھڑے نہ رہ سکے اور 73 کے مجموعی اسکور پر دونوں کھلاڑی واپس پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک نے 11 اور سرفراز احمد نے 5 رنز بنائے، عماد وسیم بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ٹاپ آرڈر کی مکمل ناکامی اور 100 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کا 50 اوورز مکمل کرنا مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن پچھلے میچ کے سنچری میکر بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف مسلسل دوسری اور اپنے کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی جب کہ شاداب خان نے اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔
بابراعظم آخری اوور میں 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حسن علی نے آتے ہی پہلی گیند پر شاندار چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو گمیج نے 4، تھیسارا پریرا نے 2 جب کہ سرنگا لکمل اور جیفری ویندرسے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔