کراچی: شہر قائد میں خواتین پر چاقو سے حملے کی گتھی سلجھنے کے بجائے مزید الجھ گئی جب کہ مبینہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے باوجود خواتین پر تیز دھار حملے کے واقعات جاری ہیں۔
گزشتہ رات فیڈرل بی ایریا بلاک 9 میں ملزم نے 15 سالہ لڑکی ارج کو تیز دھار آلے کے وار سے حملہ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہوگیا تاہم 15 سالہ ارج کے گھر پر اب تالا لگاہوا ہے، علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ گھر والے کل رات ہی کہیں چلے گئے تھے جب کہ علاقہ پولیس اس بات سے لاعلم ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں ہونے والے وارداتوں سےمماثلت نہیں رکھتا جب کہ ملزم کی نشاندہی کے لیے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجزحاصل کی جارہی ہیں، پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے ارج نے تاحال بیان ریکارڈ نہیں کرایا تاہم لڑکی کے بھائی اور ماموں کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا ہے جب کہ لڑکی کے گھر والوں نے لڑکی کا میڈیکل کرانے سے انکار کیا تھا۔