لاہور: مریم نواز نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے اہم ملاقات کی ہے جس میں ان کے درمیان پارٹی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پارٹی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلی پنجاب نے مریم نواز سے ان کی والدہ کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور کلثوم نواز کی صحت کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اداروں میں ٹکراؤ کی فضا ملکی مفاد میں نہیں ہے،ہر ادارے کو اپنی حد میں رہ کر کام کرنا چاہیے کیونکہ سیاسی ماحول میں استحکام ہی ملکی مفاد میں بہتر ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان گزشتہ 6 ماہ کے دوران یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے، این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے دوران بھی الیکشن مہم مریم نواز نے چلائی تھی جب کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز غیر اعلانیہ طور پر اس سے لاتعلق رہے تھے۔