|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2017

کوئٹہ: میئرکوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ اور یو این ایچ سی آر کوئٹہ کے سربراہ مرین دن نے کہا ہے کہ یو ایچ سی آر اور حکومت ملکر کوئٹہ میں مہاجرین اور میزبان کمیونٹی کی صحت اور حفظان صحت کی صورتحال کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین(یو این ایچ سی آر)،حکومت بلوچستان اور پارٹنر سوشو پاکستان کے تعاون سے کلی کوتوال میں تعمیر ہونے والے گندے پانی کے نالے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 

تقریب سے کمشنر برائے افغان مہاجرین بریگیڈیر (ر) مسعود ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت حافظ محمد طاہر، کونسلر محمد اکرم خلجی ،سوشو پاکستان کے امان اللہ کاکڑ، خان محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

میئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ پاکستان 38سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے ہم یو این ایچ سی آر اور راہا کے شکرگزار ہیں کہ وہ مقامی آبادی اور افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے جس مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ سال کوئٹہ شہر کی بہتری کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز خرچ کئے جبکہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پونے ایک ارب روپے کی جدید مشینری اور 530کچرے کے ٹپ خریدے گئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں کچرے کے ٹپ رکھ دیئے ہیں لیکن شہری کچرہ ٹپ میں ڈالنے کی بجائے سڑک پر پھینک دیتے ہیں جس سے نالیاں بند ہوجاتی ہیں اور گندگی پھیلتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ یو ایچ سی آر اور حکومت ملکر کوئٹہ میں مہاجرین اور میزبان کمیونٹی کی صحت اور حفظان صحت کی صورتحال کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں جس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کلی کوتوال میں عوام کی سہولت کیلئے نالے کی تعمیر اور صفائی کے اوزار کی فراہمی پر یو این ایچ سی آر اور راہا کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این ایچ سی آر کوئٹہ کے سربراہ مرین دن (Marin Din)نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کے کردار کو سراہا جنہوں نے تقریباً چار دہائیوں سے مہاجرین کی میزبانی کی ہے یو این ایچ سی آر میزبانوں کو درپیش مسائل کو سمجھتا ہے اس لئے راہا (RAHA)کا پروگرام انکی مدد کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔

صحت کے اس منصوبے کے نتیجے میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے اس کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی خواتین کو بھی حفظان صحت کے اصولوں پر تربیت فراہم کی گئی ہے اس منصوبے سے کمیونٹی میں ایک ساتھ کام کرنے کی سوچ پیدا ہوئی ہے جو آگے چل کر مقامی آبادی اور مہاجرین میں باہمی تعاون کی صورتحال کو مزید بہتر بنائے گی ۔

سوشو پاکستان کے امان اللہ کاکڑنے کہا کہ نالے کی تعمیر سے کلی کوتوال اور گردونواح کے 120000افراد کو فائدہ حاصل ہوگا جس میں 72000مقامی اور 38000اقغان مہاجرین شامل ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر نے اس منصوبے کا آغاز یکم جنوری کو راہاپروگرام(RAHA) کے تحت کیا تھا جس کا مقصد ان مقامی افراد کی فلاح و بہبود ہے جہاں مہاجرین بھی رہتے ہیں تاکہ مقامی افراد کی مدد کی جاسکے اس منصوبے کو کلی کتوال ،کلی ارسلان اور گردونواح کے لوگوں کے لئے تعمیر کیا گیا ہے ۔

اس منصوبے پر 25797825لاگت آئی ہے جسکے تحت مین نالے کی تعمیر ،سلیب ، پائپ ، کچرہ اٹھانے کے اوزار ، نالے کی صفائی کے ساتھ ساتھ لوگوں میں صحت اور صفائی کی کٹس بھی تقسیم کی گئی ہیں جبکہ حفظان صحت سے متعلق اساتذہ اور مقامی افراد کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔