|

وقتِ اشاعت :   October 19 – 2017

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارایسا ہو رہا کہ سسلیئن مافیا عدالتوں میں پیش ہورہاہے جب کہ جوعدالتیں ہمارا احتساب کررہی ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا۔

احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسا انصاف ہے جس میں سزا پہلے سنائی گئی اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے، تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ سسلیئن مافیا عدالتوں میں پیش ہورہاہے، ہم تو ویسے ہی ڈان ہیں لیکن اصل ڈان میڈیا والے ہیں۔

نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی وطن واپسی جلد متوقع ہے وہ اسی ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے تک واپس آجائیں گے۔

کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں مریم نوازکا کہنا تھا کہ والدہ کی کیمو تھراپی ہو رہی ہےاور ان کی صحت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، امید ہے والدہ کی مکمل ریکوری 6 ماہ میں ہوجائے گی۔

فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، قانون اور عدالتوں کے احترام میں بیمار والدہ کو لندن چھوڑ کر واپس آئی تاہم جوعدالتیں ہمارا احتساب کررہی ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فیملی میں کوئی اختلاف نہیں،صرف اختلاف رائے ہوسکتا ہے تاہم ہماری فیملی کے حقوق کو تماشانہ بنائیں، اختلاف رائے کامطلب یہ نہیں فیملی میں اختلاف ہے جب کہ پارٹی توڑنے والے خود ٹوٹ چکے ہیں۔