|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2017

ملتان: ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار مفتی عبدالقوی کی انجیو گرافی کا عمل  مکمل ہوگیا اور ڈاکٹرز نے ملزم کو مزید 24 گھنٹے اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 قندیل بلوچ قتل میں ملوث مفتی قوی کی انجیو گرافی  کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ ان کی انجیو گرافی کا فیصلہ اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد کیا گیا تھا۔

ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ انجیو گرافی کے دوران مفتی عبدالقوی کے دل میں سٹنٹ ڈالنے کی ضرورت نہیں پڑی تاہم انہیں مزید 24 گھنٹے اسپتال میں رکھا جا ئےگا اوران کا علاج ادویات سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب قندیل بلوچ کیس کے تفتیشی افسر نے کارڈیالوجی اسپتال کی انتظامیہ سے مفتی عبد القوی کا مکمل چارٹ اورداخلہ سلپ کی مصدقہ کاپی مانگ لی ۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سےپولیس کو مفتی قوی کی انجیوگرافی کا پہلے ہی بتا دیا گیا تھا اور پولیس نے مفتی عبدالقوی کوعدالت لے جانے کیلئے اسپتال انتظامیہ کودرخواست دیدی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیوزکے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو اس کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا اور ملزم نے پولیس اور میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا، جب کہ مفتی قوی پر قندیل کے بھائی کو قتل کے لیے اکسانے کا الزام ہے۔