|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2017

 اسلام آباد: تحریک انصاف کےترجمان بیرسٹرفواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں سے قبل چیف الیکشن کمشنر اپنے اثاثے ظاہر کریں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین کے خلاف مقدمہ اسی ہفتے ختم ہوجائے گا لیکن چیف جسٹس کے بیرون ملک دورے کے باعث بات آئندہ ماہ تک چلی گئی ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین نے ایک ایک پائی کا حساب دیا جب کہ جہانگیر ترین نے تو لندن کی جائیداد بھی ڈیکلیر کردی اگر وہ چاہتے تو اسے چھپا بھی سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے خلاف ردی کی ٹوکری میں جائیں گے اب مسلم لیگ (ن) کی نااہل قیادت کا پی ٹی آئی کی اہل لیڈر شپ سے مقابلہ ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں کیا مسئلہ ہے کیا عوام مردم شماری کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے نہیں پوچھ سکتے الیکشن کمیشن تو ایک انتظامی ادارہ ہے لیکن ایسے بند ہے جیسے خفیہ اداروں کا دفتر ہو، جب کہ چیف الیکشن کمشنر سارے پارلیمنٹرین کے اثاثے چیک کرتے ہیں اور جب ان سے کہا جائے تو توہین ہوگئی سیاستدانوں سے پہلے چیف الیکشن کمشنر اپنے اثاثے ڈیکلئر کریں وہ اپنے استحقاق سے زیادہ مالیت کی گاڑی استعمال کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پے درپے آنے والے فیصلوں سے مطمیئن نہیں ہیں ہم عائشہ گلالئی کے حوالے سے فیصلے کو چیلنج کریں گے ایسے فیصلوں کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ رہا ہے اور خدشات بڑھ رہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ سب کے سامنے کیا تھا لیکن پھر بھی پارٹی کی خیرات پر دی گئی سیٹ سے چمٹی ہوئی ہیں ہم انہیں پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی نشست پر نہیں بیٹھنے دیں گے اور ان کے پیچھا پاتال تک کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی جس طرح کی باتیں کرتی ہیں لگتا ہے شرم ان کے پاس سے بھی نہیں گزری، اگر دھرنے میں منشیات فروخت ہورہی تھی تو عائشہ گلالئی خود کے پی کے سے آرہی تھیں کیا منشیات ان کی گاڑی میں لائی گئی تھی۔