|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2017

ملتان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 60 سے زائد ارکان اسمبلی مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں اور وہ اب سیٹی کا انتظار کررہے ہیں۔

ملتان میں جمشید دستی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا میں جب نواز شریف کا نام آتا ہے تو پہلے نااہل آتا ہے، نواز شریف کو نکالنے پر کسی ملک سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، صرف نواز شریف کہتے رہے مجھے کیوں نکالا۔ نوازشریف نے نااہل ہونے کے باوجود اپنے بھائی کو موقع نہیں دیا، نواز شریف کی پارٹی نے محاز آرائی سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا ہے، کئی لوگ جانے کے لیے تیار بیٹھے ہیں اور ان ارکان اسمبلی کی تعداد 60 سے زائد ہے، 20 سے 25 ایم این ایز کا تعلق تو جنوبی پنجاب سے ہے، وہ بس سیٹی بجنے کا انتظار کررہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے خلاف سب سے بڑی سازش 5 خاندان ہیں، شہاز شریف کا حدیبیہ کیس جرائم کی ماں ہے، اگر یہ کیس کھل گیا تو شریف خاندان نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ ہے، عملی طور پر اسحاق ڈار وزارت خزانہ سے الگ ہو چکے ہیں اور اب شاہد خاقان عباسی ایک نیا وزیر خزانہ دیکھ رہے ہیں۔