|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2017

 لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں اسی لئے شوکت خانم کے اسپتال پرنیازی خان کا پورا خاندان پل رہا ہے۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان معافی نیازی ہیں اور کپتان ایک بار پھر معافی نامہ لیکر سامنے آگئے ہیں، انہیں صرف دوسروں پر تنقید کرنی آتی ہے اور وہ صرف بھاگنا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیازی خان اپنے والد کے نام کی سیاست کیوں نہیں کرتے شاید ان کے والد کی سیاست پر کوئی دھبہ لگا ہوا ہے جب کہ عمران خان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں اسی لئے شوکت خانم کے اسپتال پرنیازی خان کا پورا خاندان پل رہاہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جس کی اپنی داستانیں مشہور ہیں وہ کیا نیا پاکستان بنائے گا اور میں نے خیبرپختونخوا میں ایک پل کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں دیکھی، خیبرپختونخوا میں تمام کالج ہمارے دور میں بنے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کاغذی شیر لندن میں بیٹھ کر بلا بن گیا ہے جب کہ شہزادہ اور شہزادی 40 گاڑیوں کے قافلے میں پیش ہوتے ہیں۔