|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں میں دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ نیو سریاب کی حدود میں مستونگ روڈ پر شیخ زید ہسپتال کے قریب گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت قلعہ عبداللہ گلستان کے رہائشی عبدالجبار ولد محمد اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کی گئی۔ گھر کے مالک سعید احمد شاہوانی نے پولیس کو بتایا ہے کہ گزشتہ شب دو نامعلوم چور ان کے گھر میں چوری کی غرض سے داخل ہوئے جن میں سے ایک کو انہوں نے پکڑلیا ۔

اس دوران دوسرے چور نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے فائر کیا۔ گولی چور کے اپنے ہی ساتھی کو سینے میں لگی جس سے اس کی موت ہوگئی ۔پولیس نے گھر کے مالک کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک کے قریب پل کے نیچے سے خروٹ آباد پولیس کو ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جسے سر پر دو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت عبدالمجید ولد نصر اللہ خلجی کے نام سے ہوئی ہے جو شیخ ماندہ کا رہائشی بتایا جاتاہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مبینہ جھڑپ میں دو مسلح افراد مارے گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آواران کی تحصیل جھاؤ کے علاقے کورک میں سیکورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد مارے گئے۔

ہلاک افراد کی شناخت ماسٹر اقبال ولد عثمان سکنہ جھاؤ آواران اور رفیق عرف مسافر ولد مراد بخش سکنہ دولیجی جھاؤ کے نام سے ہوئی ہے ۔

دونوں افراد سے ایک کلاشنکوف اور ایک سنائپر رائفل ملی۔ سیکورٹی فورسز نے لاشیں ضروری کارروائی کے بعد مقامی لیویز کے حوالے کردیں۔