|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2017

کوئٹہ: چیف آف سراوان و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء نواب اسلم رئیسانی نے گزشتہ دنوں پاک افغان بارڈر کے قریب3 بلوچ خواتین کو حراست کے حوالے سے میڈیا پر آنیوالے خبروں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

’’ آن لائن‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں میڈیا پر یہ خبریں آئی ہیں کہ پاک افغان سر حد کے قریب افغانستان جانیوالی بلوچ خواتین کوحراست میں لیا گیا ہے جو کہ ہماری شنید میں آیا ہے کہ یہ فیملی ڈاکٹر اللہ نذر کی ہے اس واقعہ کو میں اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتا کیوں کہ اس قسم سے واقعات سے حالات بہتر نہیں ہونگے بلکہ اس قسم کے واقعات سے مزید نفرتیں بڑھیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ میرا حکومت اور ان اداروں کو مشورہ ہے جو بلوچستان میں حالات کو بہتر کرنے کے خواہش مند ہیں کہ اس قسم کے واقعات کا فوری تدارک کریں تاکہ ماحول کو سازگار کرنے کا موقع میسر آسکے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر اللہ نذر کی فیملی کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ اس قسم کے بھونڈ مذاق کا سلسلہ روکا جائے۔