|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2017

کابل: افغان دارالحکومت میں مقامی چینل پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے چینل کی نشریات بند کرادیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مقامی ٹی وی چینل شمشاد پر حملہ ہوا ہے جس میں اب تک ایک خاتون کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ چینل کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حملے کی اطلاع دی اور حملے میں زخمی ہونے والے عملے کی حفاظت کے لئے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

کابل پولیس چیف کے مطابق حملہ آوروں نے دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے بعد ٹی وی کی نشریات بند کردی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز پہنچ گئی اور کارروائی کرکے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا اور عمارت کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم دہشت گردوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے اور تاحال فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں یا حملہ آوروں دونوں کی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ  بھی کہنا قبل از وقت ہے جب کہ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔