کوئٹہ: بلوچستان کے دو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور سات تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز تبدیل کردیئے گئے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کچھی میجر ریٹائرڈ الیاس کبیزئی (پی اے ایس/بی ایس18) کو ڈپٹی کمشنر کچھی کی خالی نشست پر تعینات کردیاگیا۔
ڈپٹی سیکریٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد کو ڈپٹی کمشنر واشک تعینات کردیاگیا۔ڈی ایم جی گروپ کے ڈپٹی کمشنر واشک سمیع اللہ نثار علی شیخ (پی اے ایس/بی ایس18)کو محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔
اٹھارہ ستمبر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد نے ان کی خدمات بلوچستان حکومت سے لیکر سندھ حکومت کے سپرد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق سیکشن آفیسر محکمہ ٹرانسپورٹ سید آفتا ب حسین نقوی کو اسسٹنٹ کمشنر برشور ، سیکشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن شیخ نصیر اللہ کا تبادلہ کرکے اسسٹنٹ کمشنر قلعہ سیف اللہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کیچ ظفر علی بلوچ کو اسسٹنٹ کمشنر پنجگور کی خالی نشست پر تعینات کردیاگیا۔
اسی طرح رحمت اللہ کااے ڈی سی (ریونیو)سبی سے تبالہ کرکے انہیں اسسٹنٹ کمشنر سبی کی خالی نشست پر ، اے ڈی سی (جنرل )بارکھان محمد ایوب مری کو اسسٹنٹ کمشنر بارکھان کی خالی نشست پر تعینات کردیاگیا۔
تعیناتی کے منتظر محمد سلیم کاکڑ کو اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر لہڑی ارشد حسین کا تبادلہ کرکے انہیں اسسٹنٹ کمشنر وڈھ مقرر کردیاگیا۔ ان کے پیشرو اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی ،اسسٹنٹ کمشنر برشور منیر احمد کاکڑاوراسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ رزاق خان خجک کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔