|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2017

سبی: صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کا حل اسلام آباد میں موجود ہے،ماضی میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا گیا ۔

وفاق بلوچستان کوملازمتوں اور فنڈز کا حصہ برابری کی بنیاد پر دئے ،طاقت کا سرچشمہ عوام ہین ،عوامی نمائندئے اور بیوروکریسی جب تک ایک پیج پر نہیں ہوں گے مسائل میں کمی نہیں ہوگی،قیام امن کے لیے پاک آرمی ،ایف سی ،پولیس ،لیویز فورس سمیت تمام سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

پاکستان کا دشمن ایک ہے جسے عوام نے بلند حوصلے اور عزم سے شکست سے دوچار کردیاہے،دہشت گردی کا خاتمہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کی نظیر ماضی کے40سالوں میں نہیں ملتی،بہترین کارکردگی پر صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ کونسل ،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹی ،ٹاؤن کمیٹیوں کو سالانہ بلدیاتی کنونشن میں گولڈ میڈلز سے نوازا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں لوکل گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس میں نئے رہائشی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ،قبل ازیں صوبائی وزیر نے ریسٹ ہاؤس کے نئے بلاک کاباضابطہ طور پر افتتاح کیا اور دعامانگی گئی ،جبکہ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اختر بلوچ نے بلاک کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی ۔

اس موقع پر تقریب سے کمشنر سبی ڈویژن شہریار تاج،ڈسٹرکٹ چیئرمین سبی ملک قائم الدین دہپال،ڈسٹرکٹ چیئرمین کچھی سردارزادہ سردار خان رند،ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غلام سرور پندرانی ،پشتونخوامیپ کے ضلعی سیکرٹری احمد خان لونی نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید حسن شاہ شمسی ،بی این پی عوامی کے ممبر سینٹرل کمیٹی وڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر محمد خان چانڈیو،سیکرٹری ڈسٹرکٹ کونسل محمد اسلم لغاری، چیف آفیسر حاجی محمد خان سیلاچی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حاجی سرور عمرانی ،سب انجینئر محمد ارشد،ملک سرور خان مرغزانی سمیت قبائلی عمائدین و معتبرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

دریں اثناء افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی بلدیات سردار مصطفی خان ترین نے کہا کہ اگر کارکردگی کا موازنہ ماضی کی حکومتوں کے ساتھ کیا جائے تو موجودہ صوبائی حکومت کے پانچ سال ماضی کے 40سالوں کی نسبت بہتر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام تک بنیادی سہولیات پہنچانا ہمارئے فرائض میں شامل ہے لوکل گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس میں نئے رہائشی بلاک کی تعمیرکے بعد یقیناًرہائشی کمی کو پورا کیا جاسکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آج اصل مبارکباد کے مستحق سیکورٹی فورسز کے وہ جوان اور صوبے کے عوام ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرکے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور قیام امن کو یقینی بنایا کیونکہ امن کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی جنگ وفاق کے سامنے لڑ رہے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی مشکلات کا علاج اسلام آباد ہی میں موجود ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک ہو یا پھر دیگر معاملات ہوں صوبے کے عوام کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمتوں اور فنڈز میں وفاق بلوچستان کا استحصال کرنا بند کردئے ہم وفاق سے اپنا حق مانگتے ہیں خیرات نہیں ۔