|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2017

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

اس لئے انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں اور وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائے انہوں نے اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا کہ آج کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران ڈی آئی جی اور ایس پی رینک کے آفیسران سمیت 4 آفیسرا ن جبکہ تربت میں15 بے گناہ انسانوں کو موت کے گھات اتارا گیا تا حال ان کے قاتل گرفتار نہیں ہو سکے جو کہ قابل مذمت عمل ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ جو کہ بلٹ پروف گاڑی اور محافظوں کے سکواڈ میں گھومتے ہیں انہیں غریب کی موت اور ان کے اہل خانہ سمیت اس ماں، بہن اور بیوی سمیت بچوں کے دورد کو کیسے سمجھیں اور محسوس کریں گے کیونکہ حکمرانوں کو عوام کے جان ومال کے تحفط سے کوئی سروکار نہیں انہیں صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے ۔

کیونکہ ان کی بلوچستان اور یہاں پر بسنے والوں سے سنجیدگی کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہر سال اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں کے حکمرانوں میں صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے لیپس ہو جا تے ہیں ۔

گزشتہ کئی سالوں سے جاری دہشت گردی کا قلع قمع کرنے اور کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کے بلند وبانگ دعوے کرنے کے باوجود ان منصوبوں پر تا حال عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا کیونکہ انہیں کروڑوں روپے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کے لئے جاری نہیں کئے گئے جو کہ اس صوبے اور عوام کے تحفظ کا منصوبہ ہے جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔