|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2017

کوئٹہ: محکمہ ثانوی تعلیم حکومت بلوچستان اور جامعہ بلوچستان کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے۔ باہمی سمجھوتے پر جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال اورسیکریٹری ثانوی تعلیم عبدالفتح بھنگر نے دستخط کئے۔ 

اس موقع پر جامعہ کے رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، کنٹرولرپروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ کے ڈائریکٹر پرودفیسر محمد ناصر کیازئی ایڈیشنل ڈائریکٹر ثانوی تعلیم نظام مینگل اور دیگر موجود تھے۔

مفاہمتی سمجھوتے کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقی تعلیمی سرگرمیوں کو مشترکہ طور پر فروغ دیں گے۔

اساتذہ اور طلباء و طالبات کے لئے مختلف ٹریننگ پروگرامز جس ڈیپاڑٹمنٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان جامعہ بلوچستان کے تعاون سے صوبے کے پسماندہ اسکولز جس میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول لوہر کاریز سریاب روڈ کوئٹہ اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول لوہڑ کاریز سریاب روڈ کوئٹہ کی مکمل رہنمائی کریں گے۔ 

اور اس حوالے سے سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جامعہ بلوچستان کے تعاون سے دونوں اسکولز کو مکمل سہولیات سے آراستہ کریں گے۔ تاکہ صوبے کے غریب طلبہ معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوسکیں۔

محکمہ ثانوی تعلیم ہائی اسکولز کو ان کی ضروریات کے لئے مکمل فنڈ فراہم کرے گا اور ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے گی تاکہ اسکولز کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔

محکمہ ثانوی تعلیم جامعہ بلوچستان کی مدد سے اسکول میں ٹیچرز کی فراہمی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے اپنے خدمات سرانجام دے گا اور تمام پوسٹنگ اور ٹرانسفرز جامعہ بلوچستان کے فوکل پرسن کی زیر نگرانی میں ہوں گے۔ اور جامعہ بلوچستان اسکولز کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اپنے رولز اینڈ ریگولیشن کو لائحہ عمل میں لائے گی۔ 

جامعہ بلوچستان اساتذہ اور اسٹاف ممبر کو ٹریننگ اور ورکشاپ کے مواقع مہیا کرے گی۔ اس حوالے سے جامعہ بلوچستان اسکولز کی لائبریری، لیبارٹری کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرے گی اور ضرورت کی کتابیں اسکولز کو مہیا کرے گی۔ تاکہ اسکولز میں تعلیمی نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

اس موقع پر سیکریٹری ثانوی تعلیم عبدالفتح بھنگر نے جامعہ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے اسکولوں کے طلبہ کو عصر حاضر سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات اور اساتذہ کرام کی استعداد کار میں اضافہ کا باعث بنے گا وہی طلباء کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آسکیں گے جس سے وہ آنے والے چیلنجز سے بہتر طریقے سے نبردآزما ہوسکیں گے۔

جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کو پروان چڑھانے کے لئے جامعہ اپنے خدمات اور رہنمائی کو بروء کار لاتے ہوئے نچلی سطح سے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

کیونکہ جامعہ کے پیشہ ورانہ اساتذہ اسکولز کی سطح پر تربیت اور رہنمائی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جس سے تعلیمی تبدیلی یقینی امر ہے اور جس کے مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہونگے۔