گوادر : وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادر کو سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسا پورٹ سٹی بنایا جائے گا، گوادر کا بجلی اور پانی کا مسئلہ چند ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر حل کر لیں گے۔
وہ بدھ کو گوادر پورٹ میں ایسٹ بے ایکسپریس وے آف گوادر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے آف گوادر پورٹ گوادر کو 6 رویہ سڑک اور ریلوے ٹریک کے ذریعے مکران کوسٹل ہائی وے سے ملائے گا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر، پورٹ حکام، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے قیام سے گوادر سمیت ملک بھر میں خوشحالی آئے گی اور مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ2013 ء میں جب وزیراعظم محمد نوازشریف نے چین کے دورے کے موقع پر سی پیک منصوبے پر دستخط کئے تو اس وقت یہ صرف ایک کا عذ کا ٹکڑا تھا لیکن دونوں حکومتوں عزم اور محنت سے اب یہ حقیقت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے اور چین نے پاکستان کا اس وقت ساتھ دیا جب کوئی اور ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں 2013 ء کا پاکستان نہیں بھولنا چاہئے ،20 سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، امن وامان کی صوتحال بھی بہتر نہ تھی لیکن آج مقامی لوگ گوادر کی ترقی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سی پیک پر تمام قیادت اور صوبے متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گوادر میں یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ہسپتال سمیت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس سے مقامی لوگ مستفید ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر Yao Jing نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ہیں اور دونوں ملکوں کی یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے گوادر پورٹ اور سی پیک پاکستان کو پوری دنیا سے منسلک کر دے گا۔
وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے گوادرپورٹ کو پورے پاکستان سے ملانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گودار پورٹ کی تعمیر سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کا ویژن تھا، اس منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ آج نوازشریف کے اس خواب کی تکمیل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ90 کی دہائی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ یہاں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایسٹ بے ایکسپریس وے آف گوادر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کا خواب پورا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے گوادر پورٹ کو نہ صرف پاکستان کے دیگر حصوں سے بلکہ دنیا سے منسلک کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کرادار انتہائی اہم ہے اور ابتدا میں سی پیک کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔
میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ 40 سال قبل لوگ کہتے تھے کہ سنگا پور پورٹ گیم چینجر ہے اور پھر اس کے بعد دبئی پورٹ کے لئے بھی ایسا ہی کہا گیا لیکن آج دنیا گوادر کو گیم چینجر کہتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے سی پیک میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری سے گوادر میں درپیش پانی کے مسائل حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس مسئلے کو حل کریں۔