حب : بی این پی( عوامی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سابق صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ سے ضلع لسبیلہ سے آئے ہوئے وفد نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی وفد میں ضلعی آرگنائز ر KBمگسی ،سینئر رہنما ء اکبر آسکانی ،میر انور گشکوری ،حبیب جالب بلوچ اور محمد علی بلوچ موجود تھے ۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی اور روزگار صرف اخبارات ،اشتہارات اور جعلی دعوؤں پر محدود ہیں حقیقت کا کوئی واسطہ نہیں گوادر سی پیک کی ترقی کے ثمرات صرف ایک صوبے تک محدود ہیں ۔
گوادر کے رہائشیوں کو پینے کیلئے پانی تک میسر نہیں حب انڈر سٹریل اسٹیٹ صوبے کا سب سے بڑا صنعتی زون ہونے کے باوجود بلوچستان کے حقیقی وارثوں اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے دروازے بند ہیں ۔
میگا پروجیکٹس میں ٹیکنیکل،نانٹکنیکل اسٹاف ورکرز دیگر صوبے کے لوگوں کولاکر بھرتی کیا جاتا ہے جب کہ یہیں کے وسائل سے استفادہ کرنے کے باوجود یہاں کے واسیوں کے حصے میں صرف دھول مٹی،آلودگی اور کیمائی اثرات تحفے میں دیئے جاتے ہیں جو روایتی صاف ستھرے ماحول کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ طرح طرح کی بیماریاں پھیلنے کا سبب بنتی ہیں ۔
انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ بی این پی عوامی کا اپنی عوام سے اخوت و محبت کا رشتہ ہے اصولوں کی پاسداری کرنے والے اقتدار کو کوئی اہمیت نہیں دیتے جعلی مینڈیٹ اور چور دروازے سے آنے والوں کو عوامی فلاحی بہبود سے کوئی دلچسپی نہیں اگر انہیں دلچسپی ہے تو صرف لوٹ مار اور کرپشن سے ہے ۔
کیوں کے انہیں پورا یقین ہے کہ آئندہ کبھی بھی عوام ایسے کرپٹ عناصر کوکسی صورت برداشت نہیں کریگی بلوچستان کی عوام کے حقیقی نمائندوں کا راستہ روکنے سے اور جعلی نمائندوں کو لانے سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید الجھن کا شکار ہوتے جارہے ہیں جب تک صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کے حقیقی نمائندوں کو موقع نہیں دیا جاتا ۔
عوام کے بنیادی مسائل اور امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہوسکتی کیوں کہ جعلی نمائندے اور چور دروازے سے آنے والے موقع غنیمت کی طرح لوٹ مار اور کرپشن سے سرشار ہوتے ہیں ۔
دریں اثناء اس موقع پر سینئر رہنماء اکبر آسکانی نے میر اسد اللہ بلوچ سے ملکی سیاسی صورت حال پر سیر حاصل گفتگو کی جب کہ ضلعی آرگنائزر KB مگسی اور انور گشکوری نے ضلع لسبیلہ کی پارٹی پوزیشن اور ورکروں کے مسائل پر تفصیلی حال احوال کیا اور پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میر اسد اللہ بلوچ کے ضلع لسبیلہ میں پارٹی امور پر ذاتی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔