کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ علماء کرام کا معاشرے کی بہتری میں بڑا اہم کردار ہے انہوں نے ہمیشہ امن کے قیام اور اسلام کے فروغ کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔
پولیس نے قیام امن کے لئے اپنی جانیں قربان کر کے جو تاریخ رقم کی ہے اس کو سنہری حروف سے لکھا جائیگا بلوچستان کو امن کو گہوارہ بنانے کے لئے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لو گوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ الفجر یونٹ اسپنی روڈ کے امیر مولانا گل کرم ، جنرل سیکرٹری عبدالنافع، سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر تو حیدی سمیت مجلس عاملہ کے دیگر اراکین نے ملاقات کی اس دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا ہے کہ معاشرے کی بہتری اور لوگوں میں اسلام کے فروغ کے لئے روز اول سے ہی اہم کردار ادا کیا ہے ۔
علماء کرام نے ہمیشہ اپنے مثبت عمل کی وجہ سے امت مسلمہ صحیح رہنمائی کی ہے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کی سیکورٹی موثر انداز میں یقینی بنایا جائیگا اس میں علماء کرام کی مشاورت سے انتظامات کئے ہیں کیونکہ علماء کرام نے ہمیشہ قوم او ر امت کی صحیح رہنمائی کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پولیس کے آفیسران اور جوانوں نے بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے پولیس آفیسران اور جوانوں کی قربانیاں عوام اور صوبے کے مفاد میں ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا کیونکہ انہوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کر کے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھا ہے اور امن کو یقینی بنانے میں علماء کرام سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لو گوں کو اپنا کردا رادا کر نا چا ہئے ۔
اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے شہید ہونیوالے ڈی آئی جی پولیس ٹیلی کمونیکشن وٹرانسپورٹ حامد شکیل صابر اور قائمقام ایس پی سٹی انوسٹی گیشن محمد الیاس سمیت دیگر پولیس آفیسران اور جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ قابل آفیسران نے بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔
پولیس آفسران اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، آئی جی پولیس
وقتِ اشاعت : November 30 – 2017