کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے جعلی ادویات سازی کے کیس میں نامزد فرینڈز فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ندیم ظفر سمیت کیس میں نامزد دیگر تین ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے کہ وہ مذکورہ کمپنی کالائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کریں ۔
عدالت نے ڈرگ فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اور نیوٹرو بائیوٹک فا ر ما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے حکام کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے لاء آفیسر سید اعجاز آغا ایڈووکیٹ نے کیسز کی پیروی کی۔
گزشتہ روز ڈرگ کورٹ بلوچستان میں غیر معیاری ،جعلی اور ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد سے متعلق کیسز کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے جعلی ادویات کیس میں نامزد فرینڈز فارماسیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر ندیم ظفر اورمہریاب کے ناقابل ضمانت جبکہ پروڈکشن انچارج شبانہ ملک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کے ادویات سازی سے متعلق لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔
عدالت نے ڈرگ فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنرز عبدالجبار ،گلشن بٹ ،محمدشعیب اور طاہر نواز کے ساتھ ساتھ نیوٹرو بائیوٹک فارماسیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محمد بختیار اور پروڈکشن انچارج وصی اللہ کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔اس موقع پر مختلف کیسز میں گواہان کے بیانات بھی قلم بند کئے گئے ۔بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔