|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2017

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خاص کر ضلع پنجگور کو بدامنی کا شکار ہونے نہیں دیں گے ایک نام نہاد سیاسی جماعت اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ۔

نیشنل پارٹی کے عہدیداروں کو جانی اور مالی نقصان دینے کی کوشش عوام دشمنی پر مبنی ہے ضلعی صدر حاجی اکبر،جاوید کچکول کی زمینوں پر ٹرانسفارمر ز کو فائرنگ سے نقصان دینا سمرسیبل چرانا علاقے کو خانہ جنگی کی جانب دھکیلنے کی سازش ہے جو ہمیں ہرگز قابل قبول نہیں ہے ۔ 

انہوں نے یہ بات جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر حاجی عطا محمد ، حاجی شکیل احمد، اللہ بخش ، بالاچ شکیل ، قمبر شکیل ، محمد عثمان ، عبداللہ ،قدیراحمد ،ظہیراحمد اور سمیراحمد کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی (عوامی) سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کی مرکزی سینٹرل کمیٹی کے ممبرحاجی صالح محمد بلوچ ، نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری تعلیم لیاقت بلوچ،حاجی عبدالقدوس شمبے زئی ، ڈاکٹر فقیر جان بلوچ ،لعل بخش بلوچ بھی موجود تھے۔

میررحمت بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا منشورعوام کی بلا رنگ و نسل خدمت ہے ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں تاکہ متحد ہوکر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے حالات کا تقاضا بھی ہے کہ اس پرآشوب دور کے اندر بلوچستان کے تمام لوگ اتحاد اور اتفاق کے ساتھ نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے قائدین نے بلوچستان کے ساحل و وسائل کا دفاع کیاہمارے مخالفین نے اپنے دور اقتدار میں ریکوڈک سمیت دیگر منصوبوں کو فروخت کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خاص کر ضلع پنجگور کو بدامنی کا شکار ہونے نہیں دیں گے ۔

ایک نام نہاد سیاسی جماعت اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے نیشنل پارٹی کے عہدیداروں کو جانی اور مالی نقصان دینے کی کوشش عوام دشمنی پر مبنی ہے ضلعی صدر حاجی اکبر،جاوید کچکول کی زمینوں پر ٹرانسفارمر ز کو فائرنگ سے نقصان دینا سمرسیبل چرانا علاقے کو خانہ جنگی کی جانب دھکیلنے کی سازش ہے جو ہمیں ہرگز قابل قبول نہیں ہے انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ایسا نہ ہوکہ ان نام نہاد سیاسی یتیموں کو چھپنے کیلئے جگہ نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کی بدولت عوام جوق در جوق نیشنل پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں حاجی عطا محمد ،حاجی شکیل اوردیگر کی بی این پی (عوامی) سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت سے پارٹی پنجگور میں مزیدفعال اور منظم ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں نیشنل پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور مخالفین کو عبرتناک شکت سے دوچار کرے گی۔ اسے قبل حاجی عطا محمد، حاجی شکیل احمد، اللہ بخش اوردیگر نے صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ اور نیشنل پارٹی کی مرکزی سینٹرل کمیٹی کے ممبرحاجی صالح محمد بلوچ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بی این پی (عوامی) سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔