|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2017

حمیدآباد: جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہاہے کہ ملک کسی سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے احتساب صرف فرد واحد کے خلاف ہونے کے بجائے سب کا ہونا ضروری ہے ۔

میاں نوازشریف اور اس کی فیملی کو احتساب کے نام پر ٹارگٹ کرنا ٹھیک عمل نہیں ہے جو بھی ملکی خزانے کولوٹنے میں ملوث ہے ان تمام افراد کا احتساب کرکے کم سے کم پچیس سال قید کی سزا اور جائیدادیں ضبط کی جائیں نواز شریف کا سخت اسٹینڈ لینے سے بظاہر لگتا ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث نہیں ہیں ۔

جمہوری وطن پارٹی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی جس کے لیئے ضروری ہے کہ ڈیرہ بگٹی سمیت صوبے بھر میں الیکشن کیلئے ماحول کو سازگار بنایا جائے اور بگٹی مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی میں واپس آباد کرایا جائے گوادر میں پینے کے پانی کا بحران ختم کر کے انھیں ترقی کے سفر میں شامل کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد میں سردار عبدالستار شر اور حاجی طلال دوستلانی کی جانب سے استقبالیہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا چاہیئے کیونکہ جمہوری نظام کی مضبوطی ملک وقوم کیلئے اہم ہے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں ہم آہنگی ضروری ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کا پیسہ کھانے والے تمام افراد کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے لیکن یہاں پر صرف میاں نواز شریف کا احتساب ہو رہا ہے جو زیادتی ہے ان کا کہنا تھا کہ میری تجویز ہے کہ کرپشن میں ملوث تما م افراد کا احتساب کرکے لوٹی ہوئی دولت مکمل طور پر واپس لیکر انھیں پچیس سال سزا اور ملکیت ضبط کیئے جائیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ ریاست کے خلاف زیادتی ہوگی ۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ جے ڈبلیوپی سیاسی جماعت ہے اور ملک میں ترقی وخوشحالی چاہتی ہے اور اسکی واضح مثال ہے کہ ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں گیس نکالنے کی اجازت شہید نواب اکبر خان بگٹی نے دی تھی جو کہ تا حال پورا ملک اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے عوام کو ترقی کے سفر میں شامل کیا جائے اور انکو پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کیا جائے کیونکہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے حکومت اس ذمہ داری پر عملدرآمدکرائے۔