|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت اور حکومت کے لئے موجودہ حکومت کے خلاف جو سازشیں رچائی جا رہی ہے ۔

اس سے جمہوریت کے مخالفین سب کے سامنے عیاں ہو رہے ہیں کیونکہ ہمارے ملک میں جمہوریت اور اقتصادیات سے نفرت کرنے والے اس طرح کے عمل کی پشت پنا ہی کر رہے ہیں جس میں کچھ سیاسی پارٹیاں بھی آلہ کار بنی ہوئی ہے کیونکہ نئے پاکستان بنانے والوں کو مسلم لیگ(ن) کی دو بارہ کامیابی سے خوف محسوس ہو رہا ہے ۔

انہوں نے جس انداز میں پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی کام کروائے اور منصوبے شروع کئے ہیں ان کے بل بوتے پر وہ انتخابات میں جائیں گے سابق دور میں حکمرانی کرنے والوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے وہ اپنی کامیابی کا راستہ بند کر چکے ہیں اور نئے لوگوں کو اقتدار میں آنے کی بہت جلدی ہے’’ ۔

آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ میرا مسلم لیگ(ن) سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں لیکن جس طرح انہوں نے اپنے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی جو کام کئے ہیں اس میں میاں شہباز شریف کی کارکردگی سب کے سامنے ہے جن کے مکمل ہونے سے وہ ان ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں جائیں گے اور کامیابی حاصل کرینگے ۔

کیونکہ پچھلے پانچ سالہ دور حکومت اور پرویز مشرف کے8 سالہ دور میں کوئی خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس کی ماضی کے کاموں کے حوالے سے پنجاب میں کئے گئے کام کے بارے میں کوئی مثال دی جا سکے اور نئے پاکستان کے حوالے سے جو لوگ جلدی میں اقتدار حاصل کرنا چا ہتے ہیں ۔

ان کے ارد گرد، پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے وہ کرپٹ ترین لوگ شامل ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت جمہوریت کے خلاف کام کرنیوالے کنٹرولڈ جمہوریت اور حکومت کے قیام کے لئے کوشاں ہے وہ نگران سیٹ اپ کو وسعت دے کر اور کنٹرول کر کے الیکشن کو دھاندلی زدہ بنا کر اپنے مخالفین کو اقتدار سے دور رکھنا چا ہتے ہیں تاکہ کنٹرولڈ جمہوریت کو وہ آگے لا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور بی این پی آج ان کی گڈ بک میں نہیں ہے اس لئے وہ ہمیں بھی الیکشن سے باہر رکھنا چا ہتے ہیں اور ہمیں دو چار سیٹیں دینے کی کوشش کرینگے جس کے لئے ہم ذہنی طور پر تیا رہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے اس ملک سے نفرت کر کے قوم اور ملک کو اس طرح کی سازشوں کوسزا دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس طرح امریکہ کے حالیہ اعلان سے آج دنیا بھر میں نفرت انگیز آواز اٹھ رہی ہے 48 اسلامی ممالک کی جانب سے بنائی جانیوالی فورس بھی امریکہ صرف بد دعائیں دی رہی ہے ۔

ہم بھی جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے لئے دعا ہی کر سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں رائے راست پر لائے انہوں نے کہا کہ کنٹرول جمہوریت کے قیام کے لئے دھاندلی زدہ الیکشن کرواکر ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس پر خاطر خواہ کام ہو چکا ہے لیکن مرکزی حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار میں اپنے ساتھیوں، دوستوں، ہمدردوں اور بہی خواہوں کا خیال نہیں رکھا جس کی وجہ سے وہ آج ان سے دور ہے ۔

بلوچستان سے فراریوں کا قومی دھارے میں شامل ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر تو یہ حقیقی معنوں میں فراری ہے تو یہ خوش آئند بات ہے کیونکہ انہیں آئین پاکستان اور انسانیت سمیت جمہوری عمل یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزارنے کے لئے کوشش کریں ۔

بلوچستان حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اہل بلوچستان کے لئے وہ کام نہیں کئے جس کے بلوچستان کے عوام حق دار تھے ہم ان کے لئے بھی دعا گو ہے کہ وہ اپنے حکمرانی کے دور میں عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کام کریں تاکہ اہل بلوچستان میں پائی جانیوالی کشیدگی ختم ہو سکے اورصوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔