|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2017

کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی مسائل کو پس پشت ڈال کر عوام کو لفاظی دعوؤں سے ورغلانے اور بہکانے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام اصل اور نقل کا فرق جان چکے ہیں ۔

پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے موجودہ حکومت نے ایک بھی قدم نہیں اٹھایا ، اے این پی پشتونوں کی یکجہتی کے لئے جدوجہد کاسلسلہ جاری رکھے گی اور ناکام حکمرانو کی ناکام طرز حکمرانی کا بھانڈا پھوڑتی رہے گی ۔

ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،اراکین مرکزی کمیٹی نواب ارباب عبدالظاہر کاسی ، ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید امیر علی آغا، جوائنٹ سیکرٹری جمال الدین رشتیا و دیگر رہنماؤں نے گزشتہ روز ضلع پشین ضلع قلعہ سیف اللہ ،ضلع لورالائی ، اور ضلع دکی کے پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش مسائل میں وقت گزرنے کے ساتھ کمی آنے کی بجائے اور زیادہ اضافہ ہورہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے مسائل کا حل حکمرانوں کی ترجیحات میں اب بھی شامل نہیں ہے ایک طرف بدامنی نے پورے وطن کو گھیرے میں لے رکھا ہے دوسری طرف حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے پشتونوں پر باعزت روزگار کے دروازے بند کئے جارہے ہیں ۔

انہیں تعصب کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور داڑھی او رپگڑی کو جواز بنا کر پشتونوں کو تنگ کرنے کے سلسلے میں کمی نہیں آئی وہ لوگ جنہوں نے ان مسائل کے حل کے وعدے کئے افسوس کا مقام ہے کہ وہ اقتدار میںآنے کے بعد اپنے سابقہ دعوے بھول چکے ہیں ۔

سی پیک منصوبے کے حوالے سے حکومت نے ہمارے تحفظات کا ازالہ اب تک نہیں کیا پشتون معاشی ترقی چاہتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ انہیں روزگار اور کاروبار کے مواقع ملیں ان کے ساتھ باعزت شہریوں کا برتاؤ کیا جائے اور انہیں روزگار اور علم کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں مگر موجودہ حکومت ان پر یہ تمام دروازے بند رکھناچاہتی ہے ۔

عوامی نیشنل پارٹی نے پہلے بھی ان اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی آج بھی اٹھارہی ہے اور آئندہ بھی اٹھاتی رہے گی وہ لوگ جنہوں نے پشتونو ں کی یکجہتی کے نعرے لگائے آج جب فاٹا کا خیبرپشتونخواء میں انضمام ہونے جارہا ہے تو یہ لوگ اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں مگر ان کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی پشتون اگر پشتونوں کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں تو اس پر پشتونوں کا اعتراض سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی موجودہ حکومت کی ناکام طرز حکمرانی کو عوام کے سامنے آشکارا کیااب بھی ہم حکومت کی ناکام پالیسیوں پر چپ نہیں بیٹھیں گے بلکہ ان کی ناکام طرز حکمرانی کا بھانڈا پھوڑتے رہیں گے تاکہ عوام ان حکمرانوں کے اصل کردار سے آگاہ ہوجائیں اور آئندہ کے لئے وہ ان کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کی واحد قومی سیاسی جماعت ہے جس نے مشکل سے مشکل دور میں بھی عوام کی نمائندگی نہیں چھوڑی اور اس سے دستبرداری اختیار نہیں کی گزشتہ دنوں خیبرپشتونخوا کے مختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوا کہ پشتون فکر باچاخان سے جڑے لوگوں کو اپنا رہنماء مانتے ہیں اور یہ بات ہمارے لئے انتہائی اطمینان کا باعث ہے کہ پشتون اولس ہمارے ساتھ ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پشتون اضلاع میں آج بھی انتہائی پسماندگی اور غربت کا دور دورہ ہے یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع نہیں مل رہے زراعت تباہی سے دوچار ہے حالانکہ صوبائی حکومت اگر چاہتی تو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اور نہیں تو زراعت کی ترقی اور صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لئے اقدامات کرسکتی تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلا ن کرتی ہے مگر صوبے میں آج بھی زمینداروں کے باغات محض اس بناء پر متاثر ہورہے ہیں کہ انہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی دستیاب نہیں اسی طرح وفاقی حکومت میٹرو بسیں چلا رہی ہے اور ہمارے لوگ آج بھی میلوں پیدل چل کر پانی لانے پر مجبور ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ان تمام مسائل سے آگاہ ہے اور ان مسائل کو ہر فورم پر پہلے بھی اٹھاتی رہی ہے آئندہ بھی اٹھاتی رہے گی ۔ اس موقع پر چاروں اضلاع کے ضلعی اور تحصیل عہدیداران اور ذمہ داروں سمیت کارکنوں کی ایک بڑی تعدادموجود تھی ۔

دریں اثناء پارٹی رہنماؤں نے گزشتہ روز قلعہ سیف اللہ میں سیاسی و قبائلی رہنماء نوابزادہ اشرف جوگیزئی سے ان کی اہلیہ ، نوابزادہ شریف جوگیزئی ،نوابزادہ مامون جوگیزئی اور نوابزادہ امین جوگیزئی سے ان کی والدہ ، پشین میں پارٹی رہنماء حاجی داد کریم سے ان کے بھائی اور ضلع دکی میں سردار معصوم ترین خان سردار اسرار ترین کے کزن اور سردار حیدرخان ناصر کے بھتیجے کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر ضلع دکی میں حاجی ابراہیم خان ناصرکی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو عصرانہ دیا گیا جس میں قبائلی عمائدین بھی شریک تھے۔