نیویارک: اقوام متحدہ نے نئے سال پر امن کی اپیل کی بجائے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سال نو کے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ 2017 کے آغاز میں امن کی اپیل کی تھی لیکن بدقسمتی سے امن کا عمل الٹا ہوگیا، لہذا 2018 کے آغاز میں امن اپیل کی بجائے دنیا بھر کیلیے ریڈ الرٹ جاری کررہا ہوں، دنیا بھر میں قوم پرستی اور غیر ملکیوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے، عدم مساوات بڑھ رہی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سرد جنگ کے بعد عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، تنازعات بڑھ گئے ہیں اور نئے خطرات نے جنم لے لیا ہے، عالمی ماحولیات میں تبدیلی ہماری سوچ سے زیادہ تیزی سے ہورہی ہے، ہمارے مستقبل کا انحصار یکجہتی کے راستے پر ہے، عالمی رہنما مشترکہ مقاصد کیلیے عوام کو قریب لا کر ان کا اعتماد بحال کریں اور نئے سال پر اختلافات کو دور کرنے کا عزم کریں، مجھے یقین ہے کہ ہم مل جل کر دنیا کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔