|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2017

 اسلام آباد: پاکستان میں 2017 کا سورج غروب ہوگیا جب کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں نئے سال 2018 کا آغاز ہوگیا ہے جس کا زبردست آتشبازی کے ساتھ استقبال کیا گیا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 2017 کا سورج اپنی تمام تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ غروب ہوگیا جب کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سالِ نو 2018 کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن مناکر نئے سال کا استقبال کیا۔

آکلینڈ شہر کے اسکائی ٹاور پر نئے سال کا آغاز الٹی گنتی سے کیا گیا اور رات کے 12 بجتے ہی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس کے نتیجے میں آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارک باد دی اور 2018 کا آغاز اس دعا سے کیا کہ یہ سال دنیا بھر میں امن و سلامتی والا ثابت ہو۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی نئے سال کا آغازہوگیا ۔ سڈنی ہاربرپر 2018 کا استقبال کیا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے رات میں دن کا سماں لگنے لگا۔ 

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر بھی جشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور 10 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ پاکستان میں بھی 2017 کا سورج غروب ہوگیا ہے اور 2018 کے استقبال کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنےکے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ حکومت نے موٹرسائیکل کی ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی عائد کی ہے جبکہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے نئے سال کا استقبال کرنے کی ہدایت کی ہے۔