اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کمسن بچی سے زیادتی اورقتل کے ملزم کی سزائے موت کوختم کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔
ملزم شیرخان پر2010 میں کراچی میں 5 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا الزام تھا، جس کے بعد ٹرائل کورٹ نے 2015 میں ملزم کو سزائے موت سنائی تھی۔
سپریم کورٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے ملزم کی نظرثانی اپیل کی سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل اورشواہد کی روشنی میں ملزم کی سزائے موت ختم کردی۔
سماعت کے دوران جسٹس کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ استغاثہ ملزم کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، مجسٹریٹ نے ملزم کا بیان ریکارڈ کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اورڈی این اے رپورٹ نے بھی ملزم کا جرم ثابت نہیں کیا۔ عدالت نے ملزم شیر خان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔