|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2018

 کراچی: شہر قائد میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

رینجرز اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ پولیس نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے خودکش جیکٹس، آئی ای ڈی ، بلاک بم ، اسلحہ اور بارود سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا، مقابلے کے دوران رینجرز کے 2 جبکہ ایک سی ٹی ڈی کا اہلکار زخمی ہوگیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردوں سے برآمد ہونے والی آئی ای ڈیز کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ خودکش جیکٹس اور بلاک بم کو بھی ناکارہ بنا دیا۔

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی مصدقہ اطلاعات پر پاکستان رینجرز (سندھ) کے اینٹی ٹیررسٹ ونگ اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارنمٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام کا جیسے ہی گھیراؤ کیا تاریکی میں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ہے جس کے نتیجے میں رینجرز کے 2 سپاہی قیصر اور شاہ ریاض جبکہ سی ٹی ڈی کا ہیڈ کانسٹیبل نوید زخمی ہوگیا۔

دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کو دیکھتے ہوئے رینجرز کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا جس کے بعد دہشت گردوں کے ساتھ مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور اس دوران رینجرز و سی ٹی ڈی اہلکاروں کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ دہشت گرد موقع سے فرار بھی ہوئے ہیں اور ان کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 2 خود کش جیکٹس، 2 ایمپروائس ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) ، بلاک بم ، 2 ایس ایم جیز ، ایک نائن ایم ایم پستول ، بارود اور دیگر سامان بھی آمد ہوا ہے، ترجمان کے مطابق مقابلے کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مقابلے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں رات گئے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئیں، کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ سول لائن کے انچارج مظہر مشوانی نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والے بلاک بم میں 8 سے 10 کلو بارود استعمال کیا گیا تھا جبکہ ملنے والی 2 خودکش جیکٹوں میں بھی 8 ، 8 کلو کے قریب بارود بھرا گیا تھا ، انھوں نے بتایا کہ بلاک بم اور جیکٹوں کو بھی بی ڈی ایس نے دھماکے سے تباہ کر دیا ہے جبکہ جس مکان میں دہشت گردوں نے رہائش اختیار کی ہوئی تھی اسے مکمل تلاشی کے بعد سیل کر دیا گیا ہے تاہم پولیس مذکورہ گھر کی ملکیت کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔