|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2018

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے مچھ میں تاریخی جلسہ کے انعقاد پر مچھ اور کچھی کے محنت کش عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے مچھ کے آئندہ نسلوں کے لیے نیک شگون قراردیا ہے ۔

مچھ کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر استقبال کرنے والے کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ مچھ اور کچھی کے طالبعلم ،خواتین اوربزرگ ہمیشہ سیاسی تحریکوں کا حصہ رہے ہیں اورصوبے کی ترقی خوشحالی اور عوام کے وقار کے لیے سیاسی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالا ہے یہی وجہ ہے کہ مچھ کے پہاڑوں سے اربوں روپے کے قدرتی ذخائر نکلنے کے باوجود یہاں کے عوام بے روزگار بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کا جبرہے کہ 1954 سے ملکی معیشت کو سوئی گیس کے ذریعے تقویت دینے والے صوبے میں دیگر صوبوں کی نسبت بے روزگار نوجوانوں کی تعداد کئی گناہ زیادہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری بدحالی کی وجہ سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کے آپس کا انتشار ہے جس کے خاتمے کے لیے مچھ کے کارکنوں کو متحدہوکر پہل کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ وہ ذاتی اور گروہی مفادات سے بالا تر ہوکر اپنے اکابرین میر عبدالعزیز کرد، یوسف عزیزمگسی ، عبدالرحیم خواجہ خیل کے سوچ وفکر اور نظریہ کو اپناتے ہوئے صوبے کی ترقی خوشحالی اور بقاء میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یک زبان اور یک جا ہوکر ہی ہم وفاق اور بین الاقوامی دنیا کو اپنے حقوق منوانے پرآمادہ کرپائیں گے ۔ نوابزاہ لشکری رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں نکلنے والا یہ کارواں صوبے کے ہر گھر ہر گلی اور کوچے میں اپنے لوگوں کے پاس جائیگی ۔

ان کا کہنا تھا کہ میری دیگر جماعتوں کے سربراہان سے بھی گزارش ہے کہ وہ پنجاب اور سندھ کی سیاسی جماعتوں کی طرح یک آواز ہوکر ایک چھتری تلے جدوجہد کا راستہ اختیار کریں ۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نوبزادہ لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ مچھ کے عوام نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آیا گزشتہ 70 برسوں کی طرح ذاتی اور گروہی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسی طرح زندگی بسر کرتے رئینگے یا اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر مچھ سمیت صوبے کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے ۔

اس موقع پر نوبزادہ لشکری رئیسانی اور انکا ساتھیوں کا کارکنوں کی بڑی تعداد نے مچھ کے مختلف مقامات پر انکا استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی ۔