کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ یہاں کے باشعور عوام اپنے قومی ترقی خوشحالی تعلیم صحت امن و آشتی چادر و چار دیواری کی تحفظ اور اپنے تمام تر بنیادی انسانی حقوق کے فراہمی کیلئے پارٹی کی سیاسی اور قومی جمہوری جدوجہد میں ساتھ دیں تاکہ یہاں کے عوام کو جاری استحصالی پالیسیوں پسماندگیوں غربت بھوک و افلاس سے نجات دلاسکے ۔
پارٹی شہداء کے قومی جماعت ہے شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج پارٹی کی عوامی پذیرائی تائید اور حمایت میں اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ پارٹی نے حقیقی معنوں میں شہداء کے دی گئی قربانیوں اور مشن کی پائیہ تکمیل تک پہنچانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔
شہداء کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دینگے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں جاری یونٹ سازی مہم کے سلسلے میں پارٹی کے شہید رہنماء شہید ملک نوید دہوار کے رہائش گاہ پر منعقدہ بولان ٹاؤن سبزل روڈ یونٹ کے قیام کے موقع پر منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے اراکین غلام نبی مری ، چیئرمین جاوید بلوچ، شکیلہ نوید دہوار، یونس بلوچ، میر غلام رسول مینگل ، ملک محی الدین لہڑی ،اسد سفیر شاہوانی ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ، ملک ابراہیم شاہوانی ، راشدہ ہارون ، آغا خالد شاہ دلسوز ، حاجی محمد ابراہیم پرکانی ، میر محمد اکرم بنگلزئی ، اور جمال مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ناصر دہوار نے سرانجام دیئے جان محمد مینگل ، ہدایت اللہ جتک ، ملک اکمل دہوار، اور شاہدشاہوانی سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔
اجلاس کی صدارت پارٹی کے ضلعی نائب صدر یونس بلوچ نے کی مہمان خاص پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری تھے اس موقع پر بولان ٹاؤن سبزل روڈ یونٹ کو شہید ملک نوید دہوار کے نام سے منسوب کیا گیا ۔
پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے ملک شہید نوید دہوار کی بلوچ اور بلوچستان کی قومی تحریک کیلئے مسلسل جدوجہد اور آخر میں اپنی جان کا نذرانہ دینے پرزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنماء کا شمار متحرک پارٹی رہنماؤں میں ہوتا تھا اور انہوں نے تمام تر مشکل سخت اور کھٹن وقتوں میں پارٹی میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے ثابت قدمی مستقبل مزاجی کے ساتھ پارٹی کی سیاست میں اور قومی جدوجہد میں پیش پیش تھے اور ہمیشہ یہاں کے عوام پر ہونے والے جاری ناانصافیوں پر سیاسی اور جمہوری انداز میں آواز بلند کی ۔
مقررین نے کہا کہ شہید ملک نوید دہوار کے خاندان کی قربانیاں 1970سے لیکر آج تک جاری و ساری ہے ملک سیف الدین دہوارنے بھی ہمیشہ نیپ کے دور سے لیکر آج تک پارٹی میں قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں کے عوام مسائل مشکلات ناانصافیوں احساس محرومی پسماندگیوں کا شکار ہیں ۔
ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہاں کے عوام کو اپنے قدرتی دولت وسائل پر حق ملکیت واحق و اختیار سے محروم رکھا گیا اور یہاں کے حقیقی قیادت اور پارٹیوں کو سیاسی جمہوری قومی حقوق کی جدوجہد کرنے کی پاداش میں دیوار سے لگانے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے اور ان کا راستہ روکنے کیلئے مفاد پرست موقع پرست قوتوں کو آگے لایا گیا ۔
تاکہ بالادست قوتیں اپنی گماشتوں کے ذریعے یہاں کے وسائل پراپنے دائمی قبضہ گیری اور آمرانہ سوچ کے ذریعے یہاں کے وسائل پر اپنے توسیعی پسندانہ پالیسیوں استحصال اور لوٹ و کھسوٹ پرمبنی منصوبوں کو پروان چڑھاسکے ۔
بی این پی کی قیادت اور کارکنوں کا یہی قصور ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے عوام کی پسماندگیوں استحصال سے نجات دلانے کی حقوق کی بات کی تاکہ یہاں کے عوام کو تمام تر انسانی معاشی معاشرتی و تمام بنیادی حقوق میسر ہو لیکن آج بھی یہاں کے عوام کو انسانوں کے ساتھ امتیازی سلوک پالیسیاں کا دور دورا ہے اور یہاں کے عوام کی جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں یہاں کے عوام کیلئے کوئی بھی مثبت پالیسیوں کو تسلیم نہیں کیا ۔
مقررین نے کہا کہ پارٹی کو روایتی طرز انداز سے سلامی کی سوچ کی بیخ کنی کرنی چاہیے اور پارٹی کو جدید خطوط پر استوار اور عوام کے ہر دلعزیز قومی جماعت پارٹی کے تنظیمی اداروں کو مضبوط منظم بنانے کیلئے کارکنوں کو اپنا علمی عملی کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ قومی منظم اور سینٹفک انداز میں منظم کئے بغیر ہم آنے والے چیلنجز اور پریشرز کا کسی بھی صورت میں مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں ۔
لہذا پارٹی کے سیاسی اور نظریاتی کارکنان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جس میں گراس روٹ سے تعلق والوں کا بنیادی کردارہے جس کو پورا کرنے کیلئے سیاسی کارکنوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس موقع پر یونٹ کے چناؤ کیلئے ضلعی سیکرٹری اطلاعات اسد سفیر شاہوانی کی سربراہی میں آغاخالد شاہ دلسوز اور حاجی محمد ابراہیم پرکانی نے یونٹ کے الیکشن کروائے۔
جمال مگسی یونٹ سیکرٹری ، عبدالمجیدعرف بابل دہوار ڈپٹی سیکرٹری ، اورجلیل احمد مینگل ضلعی کونسلر منتخب ہوئے اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ پارٹی کے پروگرام کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرینگے اور کسی بھی قسم کی قربانی و جدوجہد سے دریغ نہیں کرینگے ۔
شہید نوید دہوار کی شہادت اکابرین کی قربانیوں کا تسلسل ہے، شکیلہ نوید
وقتِ اشاعت : January 9 – 2018