|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2018

 اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے جس سے وہ ہر ایک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

قصور واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمرانوں کو موقع ملے تو سعودیوں کے قدموں میں جا کر بیٹھتے ہیں، حکومت کا کوئی وجود نہیں جب کہ پنجاب پولیس کا کام صرف شریف فیملی کا تحفظ ہے، جاتی عمرہ کی حفاظت پر بھی 3 ہزار پولیس اہلکار مامور ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ شریف خاندان کا مور بلی نے مارا تو ایس پی معطل ہو گیا تھا لیکن قوم کی ایک بچی کے ساتھ ظلم ہوگیا اور ان کے کان پر جوں تک نہ رینگی، پنجاب پولیس کو رانا ثناء اللہ چلا رہے ہیں، پنجاب حکومت صرف شریفوں کی شوگر ملز اور غیر ملکی جائیداد بچانے میں لگی ہے، یہ خاندان کہاں سے امپورٹ ہوا جس کی حفاظت پوری حکومتی مشینری کررہی ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، نواز شریف نے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے اور ہر ایک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف خطرناک سیاست کررہے ہیں۔