کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی سینٹرل کمیٹی کی رکن شکیلہ نوید دہوار نے قصور میں آٹھ سالہ بچی زینب کیساتھ زیادتی کے بعد اس کے بہیمانہ قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے سیاسی رنگ اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلخراش واقعہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بجائے ملک بھر میں بچوں اور خواتین کی حرمت کے تحفظ کیلئے قوانین پر عملدرآمد اور چائلڈ پروٹیکشن جیسے قوانین بنائے جائیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زینب کا واقعہ ملک کی تاریخ کا پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی ہزاروں واقعات رونما ہوچکے ہیں جو رپورٹ تک نہیں ہوئے ہیں۔ہزاروں خاندانوں نے معاشرے میں اپنی بدنامی کے ڈر سے چھپ سادھ لی ہے اور نہ جانے کتنے افراد آج بھی انصاف کے متلاشی ہیں ۔
قصور واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی اور معاشرے کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ۔ انسانیت کی تذلیل جیسے واقعات کی روک تھام کی بجائے سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بہتر تجاویز کی بجائے اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرکے میڈیا پر اپنی تشہیری مہم چلائی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مظلوم اور محکوم اقوام کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے دلخراش واقعات کا شکار ہونے والے متاثرہ خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں ساتھ ہے ۔
ایسے مجرموں کو قانون کی گرفت میں لانا حکومت کی ذمہ داری ہے حکومتی غفلت کی وجہ سے آج ہمارے معاشرے کا کوئی بھی طبقہ محفوظ نہیں ہزاروں خاندان آج بھی انصاف کے متلاشی ہیں عدالتوں میں کیسز زیر سماعت ہونے کے باوجود کسی بھی مجرم کو سزا نہیں ہوئی ۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ ایسے درندہ صفت انسانوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو گروہی اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر جدوجہد کرنی چاہئیں ۔