|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2018

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ محسود کی مبینہ مقابلے میں ہلاکت کا سارا ملبہ صرف راؤ انوار پر ڈالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نقیب اللہ کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی اسی طرح کے اقدامات ہوتے رہے ہیں،  اس کا سارا ملبہ بھی صرف راؤ انوار پر ہی نہیں ڈالا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ سندھ کو بھی کٹہرے میں لانا چاہیے اور عدالتیں سندھ حکومت کے خلاف بھی ازخود نوٹس لیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کے پاس کراچی کے ووٹ ہیں، ہم ہی نے شہر میں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا سب سے پہلے مطالبہ کیا تھا، ہماری ہی حمایت کی وجہ سے شہر میں امن قائم ہوا لیکن ہمارے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم ہوئے۔ جھوٹے مقدمات میں تاریخ پر تاریخ ملتی ہے اور اگر مقدمات سچے ہوں تو انصاف کی فراہمی میں وقت نہیں لگتا۔ 8، 8 سال لوگ جیلوں میں رہتے ہیں جس کے بعد باعزت بری ہو جاتے ہیں۔