اسلام آباد: نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ راؤ انوار نجی ایئرلائن کی پرواز 615 سے دبئی جانا چاہتے تھے اور اس کے لئے طیارے میں سوار بھی ہوگئے تھے لیکن حکام کو ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں انہیں طیارے سے واپس اتار دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق راؤ انوار کو گرفتارنہیں کیا گیا اور صرف بیرون ملک جانے سے روکا گیا جس کے بعد وہ واپس اسلام آباد چلے گئے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے شکیل درانی کا کہنا ہے کہ راؤ انوار کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں تاہم ان کے پاس سندھ حکومت کا این او سی نہیں تھا، اسی بنیاد پر انہیں روکا گیا۔
دوسری جانب راؤ انوار نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے نا تو دبئی فرار ہونے کی کوشش کی اور نا ہی میں گرفتار ہوا ہوں، وہ دور چلا گیا جب ایک نام کا ایک انسان ہوتا تھا، اب ایک نام کے کئی لوگ ہوتے ہیں،جانا چاہوں گا تو چلا بھی جاؤں گا کیوں کہ میرے بچے دبئی میں رہتے ہیں، وہاں جانا میرا حق ہے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔
نقیب اللہ کی ماورائے عدالت ہلاکت میں ملوث راؤ انوار گزشتہ روز تک اپنا موبائل فون نمبر بند کرکے روپوش ہوگئے تھے اور کسی سے بھی رابطہ نہیں کررہے تھے۔