اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر سابق ایس ایس پی ملیر راؤانوار کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا ہے۔
سپریم کورٹ میں نقیب اللہ محسود ہلاکت کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
عدالت نے نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت میں نامزد مرکزی ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کو حکم دیا کہ راؤانوار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے جب کہ عدالت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ممبران کو بھی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت کراچی رجسٹری میں ہوگی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں راؤ انوار کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا ہے، راؤ انوار کا سرکاری نام انوار احمد خان جب کہ ان کے پاسپورٹ کا نمبر ایف یو 4112252 ہے، یہ پاسپورٹ 26 مئی 2019 تک کارآمد ہے۔
واضح رہے کہ راؤ انوار نے آج اسلام آباد سے دبئی فرار ہونے کی کوشش کی تھی تاہم اسے ناکام بنادیا گیا ہے۔