|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2018

طرابلس: لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں 2 کار بم دھماکوں میں فوجی حکام سمیت 33 سے زائد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بن غازی کے مرکزی علاقے سلمانی میں واقع مسجد بیعت رضوان کے سامنے عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد نماز کی ادائیگی کے لئے آئی تھی۔ دھماکے کی شدت نسبتاً کم تھی اور اس سے زیادہ جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

ابھی جائے وقوعہ پر امدادی کارکنوں اور سیکیورٹی فورسز پہنچی ہی تھیں کہ وہاں کھڑی ایک گاڑی میں دھماکا ہوگیا۔ یہ دھماکا پہلے کے مقابلے میں زیادہ شدید اور خطرناک تھا۔ جس کی زد میں درجنوں سیکیورٹی اہلکار اور ریسکیو رضاکار آئے۔

سرکاری حکام نے دھماکوں میں 33 افراد کے ہلاک جب کہ 70 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ دھماکوں کے نتیجے میں لیبیا کی انٹیلی جنس ایجنسی کے شعبہ انسداد جاسوسی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر میدی الفلاح بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔