|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2018

برسلز: یورپی یونین نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں فلسطینی صدر نے یورپی یونین کے ممالک کو اپنی حمایت پر قائل کر لیا ہے، یورپی یونین کی امور خارجہ کی نمائندہ فیدریکا موگیرینی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا مطالبہ تھا کہ یورپی یونین فوری طور پر فلسطینی ریاست کو قبول کریں اسے قبول  کرنے سے اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں کوئی رکاوٹ نہیں پڑے گی، ہم مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اپنے لوگوں کی ان کی زمین پر دوبارہ واپسی یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

فیدریکا موگیرینی نے فلسطینی صدر محمودعباس سے ملاقات کے دوران کہا کہ جو ریاستیں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے میں شامل تھیں، انہیں اس پر غور کرنا چاہیے، میں محمود عباس کو یقین دہانی کرانا چاہتی ہوں کہ یورپی یونین یروشلم کو دونوں ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت کے طور پر حل کے لیے تعاون کرے گی۔