اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار پاکستانی شہری ذوالفقار کی رہائی کے لئے تمام کوششیں کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انڈونیشیا میں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار اور موت کی سزا پانے والے پاکستانی قیدی ذوالفقار کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ 2004 میں انڈونیشیا میں پاکستانی شہری ذوالفقارعلی کو منشیات اسمگلنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے موت کی سزا سنا دی گئی تھی تاہم پاکستانی شہری کو جگر سرطان ہونے کا انکشاف ہوا جس پر پاکستان نے اپنے شہری کے علاج کے لئے خطیررقم بھی دی اور اب بھی اس کا علاج مفت ہورہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے شہری کی رہائی کے لئے ہرممکن کوشش کررہا ہے اور پاکستان کا سفارتخانہ و دفترخارجہ انڈونیشین حکام کے سے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستان ہر فورم پر اس معاملے کو اٹھارہا ہے، کل انڈونیشیا کے صدر بھی پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ انہیں بھی اس حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کریں۔