اسلام آباد : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے زمینداروں کے ہر ممکنہ مسائل حل کریں گے، بلوچستان کے لوگوں کی معیشت کادارومدار زراعت ہے، مگر بلوچستان کے زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل حل کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمیندار کسان اتحاد بلوچستان کے وفد سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں زمیندار کسان اتحاد بلوچستان کے صدر آغا لعل جان احمد زئی میر محمد حسن رئیسانی ، حاجی محمدصدیق لہڑی، ملک یاسین بنگلزئی، میر احمد خان سرپرہ ودیگر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ ایرانی سیب کی درآمد کے حوالے سے پالیسی بنائی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر میں زمینداروں سے کئے گئے وعدے کے مطابق سبسڈی بحال کی جائیگی شمسی توانائی پروگرام ،زرعی ٹیوب ویل فراہم کی جائیگی اور زمینداروں کو زرعی پیکج دیا جائیگا، وزیراعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ ربیع کینال کے پانی کو مقررہ وقت پر پانی دی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ واٹر مینجمنٹ سسٹم کو بھی بحال کیاجائیگا، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ہمیشہ زمینداروں کے ساتھ جمعیت علماء اسلام کی ہمدردیاں رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل نظر انداز کئے گئے ہے، ہم زرعی انقلاب کی بات کرتے ہیں ۔
بلوچستان میں نئی زرعی تبدیلیاں آنی چاہئے تاکہ بلوچستان کا زمیندار فاقہ کشی سے نکل کر مضبوط اور مستحکم بن سکے، انہوں نے کہا کہ جب معیشت مضبوط ہو گی تو بلوچستان کے مسائل خود حل ہو جائیں گے ، انہوں ن ے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ بھی زمینداروں کے مسائل کیلئے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں اور رابطے کئے جائیں گے ۔
ایرانی سیب کی درآمد سے بلوچستان کے زمیندار متاثر ہو رہے ہیں پالیسی بنائی جائے ،غفورحیدری
وقتِ اشاعت : January 26 – 2018