|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2018

ماؤنٹ منگانوئی: انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر عالمی کپ اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے شہرماؤنٹ منگانوئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو جیت کے لیے 217 رنز کا ہدف دیا جسے  بھارتی ٹیم نے منجوت کالرا کی سینچری کی بدولت 39 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ بھارتی بلے بازمنجوت کالرا نے  101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور8 چوکے بھی شامل تھے ۔

اس سے قبل کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 216 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، آسٹریلیا کی جانب سے جوناتھن مارلو نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ بھارت کی جانب سے ایشان پوریل، شوا سنگھ، کملیش ناگرکوٹی اور انوکول رائے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میچ میں بہترین کارکردگی پر منجوت کالرا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی  بھارتی بلے باز شبمن گل لے اڑے۔

واضح رہے کہ بھارت نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 203 رنز سے شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا نے افغانستان کو ہرایا تھا۔