|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2018

 اسلام آباد: چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے لاہور کراچی موٹروے ٹھیکوں میں کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

 نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لاہور کراچی موٹروے ٹھیکے میں مبینہ بدعنوانی اور غیرشفافیت کے انکشاف کے بعد چیئرمین نیب نے نوٹس لیتے ہوئے لاہور کراچی موٹروے ٹھیکوں میں کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو انکوائری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے سرمائے کا جائز استعمال کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں قومی سرمائے کی ضیاع اور بدعنوانی کے خاتمے کےلئے کاوشیں کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ جو افراد مہنگے ریٹ پر لاہور کراچی موٹروے ٹھیکہ دینے اور مبینہ بدعنوانی کے ذمہ دار ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے تاہم مذکورہ منصوبے میں نیب کی وجہ سے کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔