وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا۔ صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جن میں خواتین، طلباء اور معذور افراد شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں جن پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کی مشکلات کو دور کرنا اورعوامی مسائل کافوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
ہماری کوشش ہے کہ قلیل مدت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کی طرف سے موصول ہونے والی جائز شکایات کے ازالے کے لئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں اور کسی سے ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں بھرتی کے عمل میں جن امیدواروں سے نا انصافیاں ہوئی ہیں ان کے خلاف ایکشن لیا جائیگا اور آئندہ ہونے والی تمام بھرتیوں میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہ ہمارے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں تاہم تمام دستیاب وسائل عوام کی امانت ہیں اوران کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام وزراء اور محکموں کے سیکریٹریوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ عوامی نوعیت کے مسائل کے فوری حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں تاکہ عواکو ریلیف مل سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھلی کچہری میں جتنی درخواستیں پیش ہوئی ہیں ان کی فوری جانچ پڑتال کی جائیگی اور چند دنوں میں متعلقہ درخواستوں پر احکامات جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سائلین نے وزیر اعلیٰ کی کھلی کچہری کے انعقاد اور ان کے مسائل کے فوری حل کے اقدام کو سراہا ۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہفتہ وار اپنے اپنے اضلاع میں کھلی کچہری کاانعقاد کریں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی سطح پر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے ڈپٹی کمشنروں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ضلعی سطح پر درپیش عوامی مسائل ڈپٹی کمشنر حل کریں جبکہ صوبائی سطح سے متعلق مسائل کو اپنی سفارشات کے ساتھ صوبائی حکومت کو بھجوایا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے جسے ہر سطح پر سراہا جارہا ہے چونکہ اس سے قبل شاید ہی عوام کو برائے راست اپنے منتخب وزیراعلیٰ سے شکایات یادیگر مسائل پر بات چیت کرنے کا موقع میسر آیا ہو اس لیے اسے ایک خوشگوار تبدیلی سمجھا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوامی نوعیت کے مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات بھی صادر فرمائے جس سے عوامی مسائل میں یقیناًکمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضلعی سطح پر کھلی کچہری کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کی جاچکی ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ اندرون بلوچستان کے لوگ بہت سے مسائل سے دوچار ہیں جہاں ہسپتال، تعلیم سمیت بے روزگاری جیسے سنگین مسائل موجود ہیں۔
اگر نیک نیتی کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو ایماندارانہ طریقے سے اپنی رپورٹ پیش کریں تو اندرون بلوچستان کے بیشتر مسائل پر قابوپایاجاسکتا ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنافرض نبھاتے ہوئے یہ انقلابی اعلان کرکے عوام کے دلوں میں اپنے لیے جگہ بنالی ہے۔ اب امید یہی ہے کہ ضلعی انتظامیہ بھی اپنا کردار احسن طریقے سے اداکرتے ہوئے اندرون بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا بھرپور ساتھ دیگی۔