راولپنڈی(آزادی نیوز)پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک امام بارگاہ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ منگل کی شب ایئرپورٹ کے قریب گریسی لائن کے علاقے میں واقع امام بارگاہ اثنا عشری کے نزدیک ہوا۔ راولپنڈی کے سی پی او اختر لالیکا نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے حفاظتی چیک پوائنٹ پر روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں پولیس کے سب انسپکٹر سمیت دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں بھی تین پولیس اہلکار شامل ہیں اور کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ دھماکے سے موقع پر کھڑی متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تاحال کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ چہلمِ امام حسین سے قبل راولپنڈی میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ رواں برس عاشورہ محرم پر راولپنڈی میں ہی فرقہ وارانہ تشدد میں دس سے زیادہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد حالات پر قابو پانے کے لیے شہر میں کرفیو بھی نافذ کیا گیا تھا۔