اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ لیبیا میں کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانی افراد کی لاشیں وطن واپس لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ لیبیا میں کشتی حادثے کا واقعہ 31 جنوری کوپیش آیا اور اسی روز پاکستان مشن کے افسران جائے حادثہ پہنچ گئے تھے جنہیں بتایا گیا کہ حادثے میں 13 پاکستانیوں کی لاشیں مل چکی ہیں جب کہ حادثے میں 2 یا 3 افراد ہی زندہ بچے ہیں جن میں سے ایک پاکستانی ہے جس نے بتایا ہے کہ انسانی اسمگلرغیر قانونی طور پر کشتی کے مسافروں کو یورپ لے کرجا رہے تھے اور بدقسمت کشتی میں سوار 80 سے 90 افراد میں سے 32 پاکستانی تھے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ 13پاکستانیوں میں سے 8 کی شناخت ہوگئی ہے جب کہ 4 پاکستانیوں کی لاشیں نہیں صرف پاسپورٹ ملے ہیں، جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتوں کو واپس لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور اس عمل کی نگرانی وزیرِ خارجہ خواجہ آصف اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ خود کررہے ہیں ، میتیں وطن واپس لانے کے لئے پاکستانی سفارت خانے کو فنڈز بھی مہیا کر دیئے گئے ہیں امید ہے ایک ہفتے میں یہ عمل مکمل ہوجائے گا۔ جاں بحق شہریوں سے متعلق معلومات وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پردستیاب ہے۔