|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2018

کوئٹہ: سینٹ کے بلوچستان میں خالی 11 جنرل ،ٹیکنوکریٹس /عالم اور خواتین نشستوں کیلئے 28امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں

جن میں پشتونخوامیپ کے نامزد کردہ4، جمعیت علماء اسلام (ف) ، نیشنل پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ن)کے تین ، تین ،بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایک ،ایک جبکہ 12آزاد امیدواران شامل ہیں لیکن پشتونخوامیپ ،بی این پی ،عوامی نیشنل پارٹی ،نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدواران کاغذات کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک نہیں کئے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران پارٹی ٹکٹ جمع کرانالازمی ہے ۔

جمعرات کے روز کاغذات کے اجراء اور جمع کرانے کے آخری روز پشتونخواملی عوامی پارٹی کی جانب سے سینٹ کی جنرل سیٹوں کیلئے محمدیوسف خان کاکڑ اور سردار شفیق ترین جبکہ ٹیکنوکریٹس/عالم کیلئے ڈاکٹرمناف ترین اور خواتین کیلئے عابدہ عمر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔

نیشنل پارٹی کی جانب سے محمد اکرم نے جنرل ،نظام الدین اور طاہر بزنجو نے ٹیکنوکریٹس جبکہ مس طاہرہ خورشید نے خواتین کیلئے مختص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ،جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے جنرل سیٹ کیلئے مولانافیض محمد ،ٹیکنوکریٹس /عالم کیلئے کامران مرتضیٰ جبکہ خواتین کیلئے عذراء سید نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے امیر افضل خان نے جنرل ،نصیب اللہ بازئی نے ٹیکنوکریٹس/عالم اور ثمینہ ممتاز نے خواتین کیلئے مختص نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے ،عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سینٹ انتخابات میں نظام الدین کاکڑ نے جنرل سیٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے ہمایوں عزیز کرد جنرل سیٹ کیلئے مد مقابل امیدواروں کا مقابلہ کرینگے ۔

سینٹ انتخابات کے جنرل ،ٹیکنوکریٹس/عالم اور خواتین کیلئے مختص11نشستوں پر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 16امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ آزاد امیدواران کی تعداد12ہیں ۔

سینٹ کی جنرل نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے والوں میں محمد صادق سنجرانی ،احمد خان ،محمد عبدالقادر ،علاؤ الدین ،انوارالحق کاکڑ، کہدہ بابر ،فتح محمد بلوچ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹس /عالم کیلئے حسین اسلام ،محمد عبدالقادر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

اس کے علاوہ خواتین کیلئے مختص نشستوں پر شمع پروین مگسی اورثناء جمالی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں لیکن دلچسپ امر یہ ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے ممبران نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک نہیں کئے صرف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیر افضل کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ٹکٹ منسلک کیا گیا تھا ۔

پشتونخوامیپ ،عوامی نیشنل پارٹی ،نیشنل پارٹی ،بلوچستان نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کی جانب سے امیدواران کی کاغذات نامزدگی کے ساتھ ٹکٹ منسلک نہیں تھے۔

،صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد نعیم مجید جعفر نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے لئے اب تک جنرل کیلئے15 ، ٹیکنو کریٹ کے لئے7 اور خواتین نشستوں کے لئے6 درخوستین موصول ہوئی ہے جن امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ درخواستوں کی ہمراہ جمع نہیں کرائی اگر جانچ پڑتال کے بعد بھی جمع نہیں کراتے تو ان کے درخواستیں منسوخ ہو سکتی ہے مجموعی طور پر 28 امیدواروں نے کا غذات نامزدگی جمع کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹ کی صوبائی نشستوں پر مجموعی طور پر28 درخواستین جمع کروائی گئی جن میں 15 جنرل 7 ٹیکنو کریٹ اور6 خواتین کی درخواستیں شامل ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں نے درخواستوں کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ لگائے تھے باقی سیاسی پارٹیوں جن میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ، عوامی نیشنل پارٹی ، پشتونخواملی عوامی پارٹی ، جمعیت علماء اسلام(ف) کے امیدواروں نے درخواستوں کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ جمع نہیں کرائے اگر جانچ پڑتال تک پارٹی ٹکٹ جمع نہیں کرائی تو ان کے درخواستیں منسوخ ہو سکتی ہے ۔

دریں اثناء پنجاب سے سینیٹ انتخابات کیلئے 34 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، اسلام آباد سے ایک، خیبرپختونخوا سے 34، بلوچستان سے 28 جبکہ سندھ سے سب سے زیادہ 47 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب سے سات عمومی نشستوں پر 21، خواتین کی دو نشستوں پر 5، ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر 5 اور اقلیتوں کی ایک نشست پر 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹ کی ایک نشست پر ایک امیدوار کی جانب سے کاغذات جمع کرائے گئے۔ سندھ سے عمومی سات نشستوں کیلئے 23، ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں کیلئے 11، خواتین کی دو نشستوں کیلئے 9 جبکہ اقلیتوں کی ایک نشست کیلئے چار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سات عمومی نشستوں پر 20، خواتین کی دو نشستوں پر 8 اور ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر 6 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ بلوچستان سے سات عمومی نشستوں پر 15، ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر سات اور خواتین کی دو نشستوں پر 6 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔

فاٹا کی چار نشستوں پر ابھی تک کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے خالی ہونے والی دو نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی (آج) جمعہ کو آخری تاریخ ہے۔